ویتنا م میں سیلاب و تودے گرنے سے درجنوں ہلاک و لاپتہ،200مکانات منہدم

ہنوئی:(رائٹر)ویتنام کی شمالی اور جنوبی ریاستوں میں گذشتہ چند روز سے زبردست دباؤ والے طوفان کے سبب ہونے والی بارش، سیلاب اور چٹانیں گرنے سے 37 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 40 دیگر لاپتہ بتائے جارہے ہیں ۔ قومی آفات راحت ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ زبردست بارش کے سبب چٹانوں کے پھسلنے اور سیلاب سے یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
تیز بارش کی وجہ سے اہم باندھوں میں پانی کا سطح بڑھ جانے کے بعداسے چھوڑنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں رہا اور اس سے ساحلی علاقوں میں لوگوں کو سیلاب جیسے حالات سے دوچار ہونا پڑا۔ان حالات کی وجہ سے 17ہزار لوگوں کو باہر نکالا گیاہے اور 200مکانات پوری طرح سے منہدم اور18ہزار مکانات جزوی طور سے ڈوب گئے یا منہدم ہوگئے ہیں۔
پانی جمع ہونے کی وجہ سے آٹھ ہزار ہیکٹیئر اراضی پر دھان کی فصل برباد ہوگئی ہے اور40ہزار مویشی یا تو مارے گئے یا بہہ گئے ہیں۔ اپنے طویل ساحلی علاقہ کی وجہ سے ویتنام کو اکثر خوفناک طوفانوں اور سیلاب کا سامنا کرنا پڑتاہے،ایسے ہی خوفناک طوفان میں گزشتہ سال 200سے زائد لوگ مارے گئے تھے۔

Title: floods and landslides kill dozens in vietnam | In Category: دنیا  ( world )