شمالی کوریا نے آئندہ ہفتہ کسی بھی وقت امریکہ کے گوام علاقہ پر حملہ کی دھمکی دے دی

گوام:شمالی کوریا کے اس اعلان سے کہ وہ امریکی علاقہ گوام کے قریب چار میزائل داغنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور صورت حال ایسی دھماکہ خیز ہو گئی ہے اسی ہفتہ کچھ بھی ناپسندیدہ واقعہ وقوع پذیر ہو سکتا ہے۔ایسی خبریں فضا میں گردش کر رہی ہیںکہ شمالی کوریا نے امریکہ کو دھمکی دی ہے کہ وہ پندرہ اگست کو امریکہ پر حملہ کر دے گا اور اس کا آغاز گوا م پر 4 میزائل فائر کر کے کیا جائے گا۔ شمالی کوریا کی فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر کم جانگ اجازت دیں گے تو میزائل مارنے کے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پر فائر کیے جانے والے میزائل کا نام ہواسانگ ۱۲ ہے جوکہ جاپان کو عبور کرتے ہوئے امریکہ پہنچیں گے۔واضح رہے کہ شمالی کوریا نے امریکی صدر دونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں اور اقوام متحدہ کی پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ جوہری پروگرام کو جاری رکھنا ہمارا حق ہے۔دوسری جانب امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اگر ایسی کوئی حماقت کی تو وہ دن اس کے اقتدار اعلیٰ کا آ خری دن ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شمالی امریکہ پر ایسا حملہ ہوگا کہ جس کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملے گی۔ نہ کبھی کسی نے سنا ہوگا اور نہ دیکھاہوگا۔ امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے کہا ہے کہ جنگ شروع کرنے کی صورت میں شمالی کوریا ہمارا یا ہمارے کسی اتحادی کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ گیڈر بھبکیوں سے ہماری عوام کو نہیں ڈرایا جاسکتا۔ قابل ذکرہے کہ گوا م شہر شمالی کوریا سے جنوب مشرق میں تین ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس میں امریکی بحری اڈہ، آبدوزیں، کوسٹ گارڈ اور ایک فضائی اڈہ ہے۔

Title: north korea is threatening to attack guam why guam | In Category: دنیا  ( world )