ہلیری امریکی تاریخ کی بدعنوان ترین امیدوار اور دنیا کی سب سے جھوٹی و مکار عورت ۔ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی عہدہ صدارت کے ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی حریف و ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن پر ایک بار پھر نہایت سخت حملہ اور ان کی کردار کشی کرتے ہوئے انہیں عہدہ صدارت کے لیے امریکی تاریخ کا بدعنوان ترین امیدوار قرار دیا۔
مسٹر ٹرمپ نے کل ایک جلسہ کے دوران اپنی41منٹ کی تقریر میں کہا کہ ہلیری کلنٹن دنیا کی سب سے بڑی جھوٹی ہونے کے ساتھ ساتھ ایسی خاتون ہیں جسے امریکی عوام سے زیادہ اپنے مفادات کی فکر رہتی ہے۔ اور جب وہ وزیر خارجہ تھیں تو اس عہدہ کا استعمال انہوں نے سیاسی فائدہ کے لئے کیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں میں شمار ہوتی ہیں جو خود امیر ہورہے ہیں اور آپ کو غریب بنار ہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان میں صدر بننے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ وہ اسلامی دہشت گردی کے خطرے سے ہمیشہ انکار کرتی رہتی ہیں۔ وہ روزگار کے مواقع بھی پیدا نہیں کریں گی۔